بنگلورو25مئی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کرناٹک میں کانگریس کے کے آر رمیش کمار نے اسمبلی اسپیکر کے عہدے پر قبضہ کر لیا ہے۔کرناٹک میں صرف وزیر اعلیٰ کی کرسی کی لڑائی دلچسپ نہیں رہی؛ بلکہ اسمبلی اسپیکر کے لئے بی جے پی نے اپنے امیدوار اتار کر اسے بھی کافی دلچسپ بنا دیا تھا۔ مگر اب بی جے پی نے اپنے امیدوار ایس سریش کمار کا نام واپس لے لیا ہے۔ کانگریس کے رمیش کمار پہلی بار کرناٹک کے اسمبلی اسپیکر نہیں رہے ہیں؛بلکہ اس سے قبل بھی وہ اپنی خدمات پیش کرچکے ہیں ۔ رمیش کمار 1994 سے 1999 تک اسمبلی کے صدر رہ چکے ہیں۔ رمیش کمار کرناٹک میں کانگریس کے قدآور لیڈر مانے جاتے ہیں۔ کرناٹک اسمبلی کے وہ پانچ بار رکن رہ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں وہ سدارمیا حکومت میں وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ 2016 میں رمیش کمار کو صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کا عہدہ سونپا گیا۔ رمیش کمار کولرضلع کے شری نواس پور اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ کرناٹک اسمبلی اسپیکر رمیش کمار پہلی بار 1978 میں اسمبلی کا الیکشن جیتے اور آر جی نارائن ریڈی کو قریب 18 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔ خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے یہ انتخابات کانگریس کے ٹکٹ پر ہی جیتا تھا۔ اس کے بعد وہ پھر 1983 میں الیکشن ہار گئے۔ تاہم 1985 میں ایک بار پھر سے وہ جنتا دل کے ٹکٹ پر قریب سات ہزار ووٹوں سے جیتے۔ خاص بات ہے کہ اس بار انہوں نے کانگریس کے امیدوار کو شکست دی تھی۔